Thursday, March 8, 2012

سازشی مکالمہ


دو دوست آپس میں پاکستان کے مستقبل پر بات کررہے ہیں۔ اچانک سے ایک مکالمہ شروع ہوتا ہے:

پہلا دوست: یار! پاکستان کا کیا بنے گا؟
دوسرا دوست: (انتہائی یقین کے ساتھ) پاکستان جلد ایک عالمی طاقت بنے کو ہے! 

پہلا: لیکن چند لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹوٹ جائے گا؟
دوسرا: (انتہائی غصہ میں) معاذ اللہ!!! لا حول ولا!! توبہ کر! پاکستان قیامت تک کے لیے بنا ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔


پہلا: (تذبذب کا شکار) لیکن یار! مشرقی پاکستان بھی تو  بنگلادیش بن گیا۔ وہ قیامت تک کیوں نہیں رہا؟
دوسرا: ( چہرے پر ایک مسکان آجاتی ہے) دیکھ بیٹا! وہ بھارت و ہندو استعمار کی سازش تھی۔ بنگلادیش ہم سے الگ نہیں ہوا، بلکہ اب دو برادر مسلم ریاستیں وجود میں آگئی ہیں۔ ہم مل کر ہندو سامراج کو شکست دیں گے۔

پہلا: (کچھ سوچتے ہوئے) مگر آج تو بلوچستان سے بھی آزادی کے نعرے بلند ہورہے ہیں؟
دوسرا: نان سینس!! یہ سب بھارت کی سازش ہے۔

پہلا: لیکن بلوچستان کی تو سرحد انڈیا سے نہیں ملتی؟ پھر انڈیا کیسے مدد کررہا ہے؟
دوسرا: (انتہائی غصہ اور پھر انتہائی سکون) دیکھو! افغانستان میں اسرائیل اور امریکہ کا گٹھ جوڑ بن گیا ہے۔ وہ بھارت کو رستہ فراہم کررہے ہیں۔ معاملے کو سمجھو! ایک بہت بڑی سازش ہورہی ہے!!!

پہلا: کیا بھارتی فوج، کنٹینروں میں آرہی ہے یا ہمارے افغان بھائی ان کی مدد کررہے ہیں؟ کیا بلوچستان میں مکمل امن ہے؟
دوسرا: ( بس میں ہوتا لاوڈ اسپیکر پر اعلان کرتا)، سب جھوٹ!! افغانوں سے ہمارا تین ہزار سال کا رشتہ ہے! مجھے تو محمد غوری اور محمود غزنوی کے گھوڑوں کی ٹاپیں آج بھی سنائی دیتی ہیں، ہندوں کو آج بھی ۱۰۲۵ء کا واقعہ یاد ہے جب سومنات پر ہم نے حملہ کیا تھا! ہم اسلام کا قلعہ ہیں، کوئی طاقت ہم کو نہیں توڑ سکتی!

پہلا: کیا اس بار ہم کو ایٹم بم۔۔۔۔
دوسرا: (بات کاٹتے ہوئے) ایٹم بم کے خلاف امریکہ اور یورپ سازش کررہے ہیں، لیکن وہ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

پہلا: لیکن ہم تو ڈینگی نہیں روک سکے۔
دوسرا: دیکھو بات سمجھو! ڈینگی سی-آئی-اے کی سازش تھی۔ پاکستانیوں کو نیست و نابود کرنے کے لیے۔ یہ ایک سائنسی تجربہ تھا!

پہلا: اور جالی دوائیں؟
دوسرا: یہ عالمی سرمایہ داری نظام کی سازش ہے پاکستان کے خلاف۔

پہلا: اور جو سیلاب سے تباہی آئی تھی؟
دوسرا: (تھوڑی خاموشی کے بعد، آہستہ سے) سیلاب کی وجہ امریکہ کی ہارپ ٹیکنالوجی تھی، وہ قدرتی نہیں تھا۔ اس ہی طرح مظفرآباد میں زلزلہ بھی قدرتی نہیں تھا، اس کی وجہ بھی ساَئنسی تجربات تھے۔

پہلا:(بات بدلتے ہوئے) لیکن اب تو چین بھی ہم پر دہشت گردی کا الزام لگاتا ہے؟ سنکیانگ کے صوبے میں علیحدگی پسند تحریک کے حوالے سے۔
دوسرا: سب جھوٹ ہے! یہ امریکہ کی ایک اور سازش ہے۔ 

پہلا: اور کشمیری بھی پاکستان سے الحاق کے بجائے، مکمل آزادی کا خواہشمند ہیں۔
دوسرا: نان سینس!! کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ یہ سب عالمی میڈیا کا پروپگنڈہ ہے۔ میڈیا اسرائیل اور امریکہ کے ایجنڈے پر کام کرتا ہے۔ کشمیر ہمارا ہے اور رہے گا!

پہلا: لیکن کیا مشرقی پاکستان ہماری شہ رگ نہیں تھا؟
دوسرا: ( گھڑی کی طرف دیکھتا ہے) میرے مرشد کا پروگرام آنے والا ہے، مجھے جانا ہے۔

پہلا: مرشد کون؟
دوسرا: وہی جن کی میزبان ایک لڑکی ہوتی ہے اور وہ ہم کو کائنات کے سب سے بڑے فلسفی، جو دوبارہ کبھی پیدا نہیں ہوا اور نہ ہوسکتا ہے - علامہ اقبال - کا سبق دیتے ہیں۔ پاکستان کے خلاف پوری دنیا سازش کررہی ہے، تمھیں اس کا علم نہیں۔ آو! تم بھی ان سے فیض لو!!!

پہلا:  لیکن ابھی تو تم کہا رہے تھے کہ میڈیا اسرائیل اور امریکہ کے ایجنڈے پر کام کرتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


No comments:

Post a Comment